17 اپریل 2010 - 19:30

عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے سیکریٹری جنرل «حجت الاسلام و المسلمين محمدحسن اختري» نے بوسنیا کے رئیس العلماء "ڈاکٹر مصطفی تسریچ" سے ملاقات اور بات چیت کی ہے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین شیخ محمد حسن اختری ـ جو انقلاب اسلامی کی کامیابی کی اکتیسویں سالگرہ اور عشرہ فجر کے ایام کے دوران شیعیان یورپ سے ملنے کی غرض سے یورپ کے دورے پر تھے ـ نے بوسنیا ھرزگوینا کے رئیس العلماء ڈاکٹر مصطفی تسریچ سے ملاقات اور بات چیت کی ہے۔ انھوں نے اس ملاقات میں ـ جو ان کے ہمراہ وفد کی موجودگی میں انجام پائی ـ ایران اور بوسنیا کی دوستی اور برادرانہ تعلقات پر تأکید کرتے ہوئے کہا: دشمنان دین کی سازشوں کے مقابلے میں مسلمانوں کے دینی تشخص اور مختلف اسلامی مکاتب کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی حفاظت کے لئے کوشش بہت اہم ہے۔ ڈاکٹر تسریچ نے اس ملاقات میں ایرانی مہمانوں کے دورہ بوسنیا پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی وفد کا خیر مقدم کیا اور جنگ کے دنوں میں ایران کی طرف سے بوسنیا ھرزگوینا کی ہمہ جہت جمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: میں قریب سے ایرانی عوام کے اس خداپسندانہ عمل کا گواہ ہوں اور ان نہایت دشوار ایام میں ایرانی عوام کی جانفشانی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انھوں نے جناب اختری سے درخواست کرتے ہوئے کہا: اسلامی انقلاب کے رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای اور ایران کے مسلم عوام کی خدمت میں میرا اور بوسنیا کے عوام کا سلام پہنچائیں۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ دو دوست اور برادر ملکوں "ایران اور بوسنیا" کے درمیان نہایت برادرانہ تعلقات کو روز بروز فروغ حاصل ہوگا اور یہ برادری زیادہ سے زیادہ مستحکم ہوگی۔